جولائی تا نومبر: ایف بی آر نے ہدف سے زائد ریونیو حاصل کر لیا

Published On 01 December,2020 08:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈا آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال جولائی تانومبر ہدف سے زائد ریونیو حاصل کر لیا۔

اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے رواں مالی سال جولائی تا نومبر 1688ارب روپے کانیٹ ریوینیو حاصل کیا ہےجبکہ مقر ر کردہ ہدف 1669 ارب روپے تھا۔ پچھلے سال ان پانچ ماہ میں 1623 ارب رو پےنیٹ ریونیو حاصل کیا گیاتھا۔

انکم ٹیکس کی مد میں 577ارب روپے حاصل ہوئے، سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو743 ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 104 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی 264 ارب رہی۔ایف بی آر نےمالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گراس ریونیو 1773ارب روپےاکھٹا کیا ہے جو کہ پچھلے مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں1664ارب روپے تھا ۔ اس طرح اس سال جولائی تانومبر 109 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہواہے۔

نومبر میں محاصل کی مد میں 347ارب روپے حاصل ہوئے جب کہ مقرر کردہ ہدف 348 ارب روپے تھا۔ رواں مالی سال جولائی تا نومبر80ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 41 ارب روپے کے تھے۔ماہ نومبر میں 17 ارب سے زائدکے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جو کہ پچھلے سال نومبر میں 4 ارب تھے۔

ریفنڈز میں اضافہ کے باوجود ایف بی آر نےاس سال نومبر میں پچھلے سال نومبرکے محاصل کے مقابلہ میں زائد ریونیو حاصل کیا ہے۔رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمگل شدہ اشیاء جن کی مالیت 27ارب روپے ہے ضبط کی گئی ہیں جبکہ پچھلے سال پہلے پانچ ماہ میں 18ارب روپے مالیت کی اشیاء ضبط ہوئی تھی۔