سٹیزن پورٹل: ایف بی آر افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل، رپورٹ وزیراعظم کو پیش

Published On 24 August,2020 12:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔ وزیر اعظم آفس نے چئیر مین ایف بی آر کو 556 حل شدہ شکایات دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا۔

 وزیر اعظم ڈلیوری یونٹ اور چئیر مین ایف بی آر کی جانب سے رپورٹس پیش کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے 68 افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔ رپورٹ کی روشنی میں ناقص کارکردگی پر ممبر کسٹم پالیسی، ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس، چیف کلیکٹر بلوچستان کو اظہار ناراضگی کے خط جاری کیے گئے ہیں۔

چیف کمشنر آئی آر کراچی، چیف کلیکٹر اسلام آباد، ڈی جی کسٹم کراچی کو بھی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناقص کارکردگی پر ممبر کسٹم آپریشن، چیف کمشنر آئی آر فیصل آباد کو بھی تنبیہ کی گئی ہے۔

وزیر اعظم آفس نے افسران کو کارکرگی بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کو دوبارہ میرٹ پر حل کیا جائے اور چئیرمین آیف بی رپورٹ جمع کروائیں۔ بہتر کارکردگی دکھانے پر ممبر آئی ٹی، چیف منیجمنٹ آئی آر، چیف کمشنر آئی آر راولپنڈی اور بہاولپور کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔

 

Advertisement