اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کی جانب سے یکم جولائی سے اب تک 76 اہلکاروں کے خلاف ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کی ہے۔
الزامات ثابت ہونے پر 10 افسران اور اہلکاروں کو برطرف کیا جا چکا ہے جبکہ 2 اعلیٰ افسران کا کیس وزیراعظم کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ایک اعلیٰ افسر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
معطل ہونیوالوں میں گریڈ 19 سے 16 تک کے افسران شامل ہیں۔ جن دو افسران کے کیس وزیراعظم کو بھجوائے گئے ہیں ان کا تعلق 20ویں گریڈ سے ہے۔
اس کے علاوہ گریڈ 21 کے افسر کے خلاف فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل 37 کیسز کی تحقیقات جاری تھیں۔ ایف بی آر میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرپٹ عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مشیر خزانہ نے کرپشن میں ملوث افسران کو ڈیوٹی سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔