ملک بھر میں دوبارہ ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے لگا

Published On 02 December,2020 04:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں دوبارہ امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، امریکی کرنسی ایک مرتبہ پھر 160 روپے کی سطح عبور کر گئی۔ دو روز کے دوران ڈالر ایک روپے مہنگا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، قیمت بڑھنے کے بعد امریکی کرنسی کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے اس میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو ملے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 64 پیسے مہنگا ہو گیا، نئی قیمت 159 روپے 82 پیسے سے بڑھ کر 160 روپے 46 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 40 پیسے بڑھ گئی تھی۔ انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 159 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 82 پیسے ہو گئی تھی۔