پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تیسرا روز، 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

Published On 02 December,2020 04:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی کا تسلسل برقرارہے، ایک مرتبہ پھر 100 انڈیکس 362.11 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ طویل وقفے کے بعد 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ کے دوران زبردست دلچسپی لینا شروع کر دی ہے، تیزی کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران تیزی کے باعث 1200 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 261.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 41068.82 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

دوسرے روز کاروبار کا اختتام 596.45 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا، انڈیکس 41665.27 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملا، دن بھر تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس 42074.11 پوائنٹس کی پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 362.11 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور کاروبار 42027.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.87 فیصد کی بہتری ریکارمڈ کی گئی اور ٹریڈنگ میں 28 کروڑ 9 لاکھ 57 ہزار 162 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔