لاپتا افراد: قومی کمیشن نے 30 نومبر تک 4782 کیسز نمٹا دیئے

Published On 02 December,2020 08:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاپتا افراد کیلئے قائم قومی کمیشن نے 30 نومبر تک 4782 کیسز نمٹا دیئے ہیں۔

کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020ء کے دوران مزید 23 نئے کیس کمیشن کو موصول ہوئے، جس کے بعد جبری لاپتا ہونے والے افراد سے متعلق کیسز کی مجموعی تعداد 6854 ہوگئی، جن میں سے قومی کمیشن نے 30 نومبر 2020ء تک مجموعی طور پر 4782 مجموعی لاپتا افراد کے کیسز نمٹا دیے۔

اس وقت لاپتا افراد کی تعداد 2072 ہے جو کہ لاپتا افراد کے قومی کمیشن کی بڑی کامیابی ہے جبکہ باقی ماندہ لاپتا افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

لاپتا افراد کیلئے قومی کمیشن میں سماعتیں وفاقی حکومت متعلقہ صوبائی حکومتوں کی لاک ڈاؤن پالیسی کے جائزہ کے بعد قانون کے مطابق کی جائیں گی تاکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

لاپتا افراد کے قومی کمیشن کی طرف سے 30 نومبر 2020ء تک 4782 لاپتا افراد کے کیسز نمٹانے اور ان کی بحفاظت گھروں کو واپسی یقینی بنانے پر کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال اور دیگر معزز ممبران نے ناصرف لاپتا فرد کی فیملیز کا موقف ذاتی طور پر سنا بلکہ ان کی جلد بازیابی کیلئے کوششیں بھی کیں۔