سپریم کورٹ کا بلین ٹری منصوبے پر نوٹس خوش آئند ہے، ملک امین اسلم

Published On 02 December,2020 08:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا بلین ٹری منصوبے پر نوٹس خوش آئند ہے۔ مکمل رپورٹ پیش کریں گے۔ موجودہ حکومت موسمیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے۔

معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا حل ہے۔ گلگت بلتستان میں وزیراعظم نے نانگا پربت اور ہمالیہ نیشنل پارکس کا افتتاح کیا جس سے جنگلی حیات کو تحفظ سمیت ایکو ٹورزم کو فروغ ملے گا۔

امین اسلم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹین بلین ٹری منصوبے سے متعلق ڈرون فوٹیجز سمیت تمام تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت ابھی تک 43 کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں، 2021ء کے اختتام تک ایک ارب کا ہدف پورا کیا جائے گا۔