لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز کے دوران ایک مرتبہ پھر تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 101.81 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی کی واپسی ہوئی ہے، سیاسی گہما گہمی کے باوجود سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔ رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 42441.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 101.81 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42305.84 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.24 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ ٹریڈنگ کے دوران 30 کروڑ 83 لاکھ 15 ہزار 660 شیئرز کا لین دین ہوا، جبکہ حصص کے لین دین کے باعث سرمایہ کاری مالیت میں تقریباً 15 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔