فی تولہ سونا 300 روپے سستا

Published On 14 December,2020 05:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 300 روپے سستا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں سولہ امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں نئی قیمت 1824 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں تین سو روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت ایک لاکھ دس ہزار پانچ سو روپے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں 257 روپے کی تنزلی دیکھی گئی اور نئی قیمت 94736 روپے ہو گئی ہے۔

مزید برآں فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت میں 20 روپے اور 17.15 روپے کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمتیں بالترتیب 1200 روپے اور 1028.80 روپے ہو گئی ہے۔