اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.46 فیصد کا اضافہ ہو گیا- اکتوبر میں سالانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 6.66 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.95 فیصد اضافہ ہوا- جولائی تا اکتوبر سالانہ بنیاد پر ٹیکسٹائل شعبے کی پیداوار میں 2.24 فیصد اضافہ ہوا۔
ملک میں معاشی سرگرمیاں تیزی سے بحال ہونے لگیں- رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران پندرہ بڑی صنعتوں میں سے نو صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ اور چھ صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہوئی- ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اکتوبر کے دوران فوڈ، مشروبات اور تمباکو شعبے کی پیداوار میں 12.16 فیصد اضافہ ہوا- کوک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار 1.57فیصد اور فارماسوٹیکل سیکٹر کی پیداوار میں 13.53 فیصد اضافہ ہوا-
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کیمیکلز شعبے کی پیداوار میں 9.22 فیصد اور فرٹیلائزر سیکٹر کی پیداوار میں 5.99فیصد اضافہ ہوا-
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اکتوبر آٹو موبیل سیکٹر کی پیداوار 1.62 فیصد، آئرن اور اسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 5.41 فیصد اور الیکٹرانکس کی پیداوار میں 23 فیصد کمی ہوئی جبکہ چمڑا مصنوعات کی پیداوار 43.18 فیصد گر گئی- اس دوران انجینرئنگ مصنوعات کی پیداوار میں 34.05 فیصد اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 64.05 فیصد کمی ہوئی۔