گورنر سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان وفد کی ملاقات، مشاورت نہ کرنے پر ارکان کا اظہار تشویش

Published On 15 December,2020 03:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان کے 3 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے جس میں کراچی پیکج، وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی اور مشاورت نہ کرنے پر ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور وسیم اختر شامل تھے۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم نے اپیکس کمیٹی کی مشاورت میں شامل نہ کرنے پر شکوہ کیا، پیکج کی سست روی اور بروقت عملدرآمد نہ ہونے پر متحدہ نے تحفظات کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے دیئے جا رہے ہیں، وفاق سب کو ساتھ لے کر چلنے کا خواہش مند ہے۔ متحدہ وفد نے کہا کہ کراچی پیکج پر جلد عملدرآمد سے مشکلات کا خاتمہ یقینی ہے۔