ملک میں تیار کردہ موبائل فون پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم

Published On 17 December,2020 05:53 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی اور الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دیدی جس سے ملک میں موبائل کی تیاری کے علاوہ دو اور تین ویلر گاڑیوں کے ساتھ کمرشل گاڑیوں کی مقامی تیاری کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں مقامی طور پر تیار کردہ موبائل فون پر عائد چار فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کی منظوری دی گئی۔

وزیر خزانہ نے آزاد کشمیر،یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو ترجیحی بنیادوں پراضافی گندم فراہم کرنے کی ہدایت کی،کمیٹی نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو روپیہ سے منسلک آف شور بانڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی تاکہ کورونا وبا کے بعد نجی شعبے کے ترجیحی شعبوں کو سرمائے کی دستیابی کی صورتحال میں بہتری لائی جاسکے۔

ای سی سی نے غیرملکی قرضوں کی صوبوں، کارپوریشنوں، ضلعی حکومتوں اور بلدیاتی اداروں کیلئے ری لینڈنگ کی نئی پالیسی 2020ء کی منظوری دیدی جس کے تحت حاصل کئے گئے غیر ملکی قرضوں کی مکمل لاگت جس میں اضافی سود، امریکی ڈالر اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ کی قدر میں ہونے والی کمی (ایکسچینج ریٹ) کا اضافی بوجھ اور دیگر چارجز کا بوجھ بھی اب قرض حاصل کرنے والی حکومت یا ادارے کو برداشت کرنا پڑے گا۔

پاکستان میں موبائل فون بنانے کی صنعت اور الیکٹرک وہیکلز کیلئے 2025تک کیلئے ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی مراعات کے فریم ورک کی منظوری بھی دے دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کی تیاری کی صنعت کوپھلنے پھولنے کا بھرپور موقع فراہم کرنے کیلئے تیار حالت میں الیکٹرک سکوٹی، موٹر سائیکل، کار، بس اور الیکٹرک ٹرکوں کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی بڑھاکر50فیصد کی جائے گی۔

الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت خواتین کیلئے الیکٹرک سکوٹی اور مردوں کیلئے الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ کی تیاری کیلئے ان کی موٹر، بیٹری، ڈرائیورٹرین، انجن، گیئر کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی 1فیصد تک لانے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔دریں اثناوفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا اقتصادی رابطہ کمیٹی میں الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری سے پاکستان میں بہت جلد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔

ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا لاہور اور کراچی جیسے شہروں کے ماحول کیلئے یہ الیکٹرک وہیکل پالیسی اہم ہے ، کیونکہ بڑے شہروں میں 35 فیصد سے زیادہ فضائی آلودگی ٹریفک کی وجہ سے ہے ، انہوں نے کہاموبائل فون بنانے والی 3 بڑی کمپنیاں بہت جلد پاکستان میں آپریشن شروع کریں گی، میڈ ان پاکستان کی مہم میں یہ بڑی کامیابیاں ہیں، بہت جلد ہم اپنی الیکٹرک گاڑیاں اور موبائل فونز بنا رہے ہوں گے۔