عالمی بینک پنجاب میں متعدد منصوبوں کیلئے 30 کروڑ ڈالر دے گا، معاہدہ طے پا گیا

Published On 16 December,2020 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی بینک پنجاب میں مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے، آمدن کے ذرائع کی بہتری اور اخراجات کی مینجمنٹ کے لیے 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔


اسلام آباد میں عالمی بینک کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔ وزارتِ اقتصادی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان کا عالمی بینک کیساتھ 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز پنجاب میں ریسورس اور ڈیجٹل کی ترقی و بہتری کیلئے معاہدہ ہوا ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار نے شرکت کی۔ پروگرام کے تحت پنجاب میں فسکل رسک منیجمنٹ، ریونیو کی بہتری اور اخراجات کی منیجمنٹ میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد فسکل منیجمنٹ کو بہتر بنانا ہے،اس سلسلے میں عالمی بینک کے تعاون کیلئے شکرگزار ہیں۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔