5 ماہ: ساڑھے 4 ارب ڈالر قرض، 2 ارب 45 کروڑ ڈالر واپس

Published On 18 December,2020 03:39 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان کو مجموعی غیر ملکی قرضوں اور امداد کے 12 ارب 95 کروڑ ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران 4 ارب 49 کروڑ 93 لاکھ ڈالر قرض اور امداد موصول ہو گئی ہے جبکہ پاکستان نے موجودہ مالی سال میں مجموعی طور پر 10 ارب 36 کروڑ ڈالر کے قرض کی واپسی کے ہدف کے مقابلے میں 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے واپس کر دیئے ہیں۔

سعودیہ سے پانچ ماہ کے دوران ادھار تیل کی فراہمی معطل رہی، اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جولائی تا نومبر پاکستان کے قرضوں کے لین دین کے حوالے سے جمعرات کو جاری کی گئی فارن اکنامک اسسٹنس رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں نے جولائی تا نومبر پاکستان کو رعایتی شرح سود پر 1 ارب 87 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض فراہم کیا ہے جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 71 کروڑ ڈالر، عالمی بینک نے 69 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، فرانس نے 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، امریکا نے 6 کروڑ 38 لاکھ ڈالر اور چین نے 2 کروڑ 18 لاکھ ڈالر شامل ہیں جبکہ پاکستان نے جولائی تا اکتوبر 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں۔

اس عرصے میں مہنگے قرضوں کے حجم میں 61 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کمی واقع ہوئی اور سستے اور طویل المدت نئے قرضوں کا حجم 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کی آئل فیسلٹی کو 30 جون 2019 کو کم کر کے 1 ارب ڈالر تک محدود کر دیا گیا تھا جبکہ موجودہ مالی سال 2020-21 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کو تیل اور پٹرولیم کی مصنوعات کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے۔