ایف بی آر نے پہلی ششماہی میں 2204 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کر لیا

Published On 01 January,2021 08:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی تا دسمبرمحاصل کے ابتدائی اعدادوشمار جاری کر دیئے۔ پہلی ششماہی میں 2204 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا۔

ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق یہ آمدنی چھ ماہ کے مقرر کردہ ریونیو ہدف کا 99.7 فیصد ہے۔ پچھلے سال کے 2101 ارب روپے کے مقابلے میں 5 فیصد زائد ہے۔ انکم ٹیکس کی مد میں 816 ارب روپے حاصل ہوئے۔ سیلز ٹیکس ریونیو 915ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 127ارب اور کسٹمز ڈیوٹی336 ارب رہی۔

اعلامیہ کے مطابق دسمبر 2019ء کے حاصل کردہ ریونیو کے مقابلے میں 39 ارب روپے زائد ریونیو حاصل ہوا۔ رواں مالی سال جولائی تا دسمبر102ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں، پچھلے سال جاری کردہ ریفنڈز 53ارب روپے کے تھے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 90 فیصدزائد ہے۔

اعلامیہ کے مطابق چھ ماہ میں سمگل شدہ اشیاء، جن کی مالیت 30ارب روپے ہے، ضبط کی گئی۔ پچھلے سال پہلےچھ ماہ میں 22 ارب روپے مالیت کی اشیاء ضبط ہوئی تھی۔ 31دسمبر 2020 تک 23 لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئے۔

اعلامیہ کے مطابق گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 43.5 ارب روپے اکھٹا ہوا ہے، پچھلے سال اس عرصہ میں 21 لاکھ 73 ہزار گوشوارے جمع ہوئے۔ ادا شدہ انکم ٹیکس 28ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ادا شدہ انکم ٹیکس میں 55 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔
 

Advertisement