اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 2021 میں پاکستان کی معیشت کی مرحلہ وار بحالی متوقع ہے۔
یہ بات عالمی مالیاتی فنڈ کی پالیسی ٹریکر نامی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2020 میں پاکستان میں وائرس کے پھیلاؤ کی یومیہ شرح 6 ہزار کیسز کی بلند ترین سطح پر تھی تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے تمام ضروری اقدامات کئے جس کے نتیجہ میں جولائی سے نئے کیسوں کی تعداد میں کمی آنی شروع ہوگئی اور اگست و ستمبرمیں یومیہ کیسوں کی تعداد ایک ہزار سے کم ہوگئی۔ نومبر کے وسط سے کورونا کے مثبت کیسوں کی تعداد میں دوبارہ اضافے کا رجحا ن شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020 کیلئے پاکستان کی اقتصادی بڑھوتری کا اندازہ منفی 0.4 فیصد لگایا گیا تھا تاہم مالی سال 2021 میں پاکستان کی معیشت کے مرحلہ وار بحالی کی راہ پر گامزن ہونے کی توقع ہے ۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی روک تھام کیلئے بھی پاکستان کی حکومت نے بہتر اقدامات کئے ہیں جن میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ، عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی اداروں کی بندش شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت نے معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کو وبا کے اثرات سے بچانے اور معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے 24 مارچ کو 1240 ارب روپے کا امدادی پیکیج جاری کیا جس پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے۔