قومی ادارہ صحت کی 2 پاکستانیوں میں نئے کورونا وائرس کی تصدیق

Published On 04 January,2021 10:13 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ادارہ صحت نے 2 پاکستانیوں میں نئے کورونا وائرس کی تصدیق کر دی۔ دونوں پاکستانیوں نے برطانیہ کا سفر کیا تھا۔

قومی ادارہ صحت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم بی 1.1.7 کی تصدیق ہوئی، دونوں پاکستانی شہری برطانیہ سے وطن واپس آئے، کورونا وائرس کی نئی قسم دسمبر میں برطانیہ میں ظاہر ہوئی، کورونا کی نئی قسم کی موجودگی کی خبروں کے بعد این آئی ایچ نے تحقیق کی، نئی قسم کا وائرس پرانے کورونا کی نسبت زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، کورونا وائرس کی نئی قسم پاکستان کے علاوہ 31 ممالک تک پھیل چکی ہے۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار 714، سندھ میں 2 لاکھ 18 ہزار 597، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 484، بلوچستان میں 18 ہزار 247، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 867، اسلام آباد میں 38 ہزار 263 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 357 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 68 لاکھ 49 ہزار 867 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 139 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 38 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 242 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 124، سندھ میں 3 ہزار 611، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 675، اسلام آباد میں 428، بلوچستان میں 185، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 226 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement