کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے لئے اقدامات شروع کرنے کے لئے وفاق کو خط لکھ دیا ہے۔
وفاقی حکومت کو خط صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے لکھا، خط میں کہا گیا ہے کہ اس سال ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں صوبہ سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبہ بھر میں پیاز اور ٹماٹرکی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی ہے۔
اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر کی درآمد اور پیاز کی برآمد نہ ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے لہذا کسان اپنی پیداوارکی مناسب قیمت وصول نہیں کررہے ہیں۔ کسان ٹماٹر کی درآمد پر پابندی لگانے کے لئے سندھ بھر کے کئی شہروں میں احتجاج بھی کر چکے ہیں.
انہوں نےکہا کہ گزشتہ سال 20-2019 میں57ہزار900 ایکڑ پر پیاز کی کاشت کی تھی۔ 7 لاکھ 82 ہزار 140 میٹرک ٹن پیاز پیدا ہوئی تھی۔ رواں سال سندھ میں 58،200 ایکٹر پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی۔ رواں سال 30ہزار ایکڑ پر ٹماٹر کی فصل کی کاشت کی گئی۔
وزیرزراعت سندھ نے کہا کہ ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، وزارت تجارت اور وزارت فوڈ سیکورٹی پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔