کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ہارون آباد میں کیمیکل کی فیکٹری میں آگ لگ گئی، 12 فائر ٹینڈرز نے سات گھنٹوں بعد تیسرے درجے کی آگ پر قابو پا لیا۔
اطلاع ملی تو فائر بریگیڈ کی پہلے 3 گاڑیاں موقع پر پہنچیں مگر شدت اتنی تھی کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا، 12 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کیلئے جہدوجہد کی، واقعے میں دو مزدور جھلس گئے جبکہ دو فیکٹری کی چھت پر پھنس گئے تھے۔
فائر ٹینڈر کی سیڑھی تیسری منزل کی چھت تک نہیں پہنچ پائی، تقریبا ڈیڑھ گھنٹے بعد خوش قسمت مزدوروں کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔ اطراف کی فیکٹریوں کو خالی جبکہ قریبی پٹرول پمپ کو بند کرایا گیا۔ گنجان آباد علاقے کے باعث فائر فائٹرز کو آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک بحریہ اور رینجرز نے بھی آگ بجھانے میں معاونت فراہم کی۔