کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ مراد علی شاہ نے کہا جو گاڑیاں مرمت سے استعمال ہوسکتی ہیں وہ افسران کو دی جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونیوالے کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، مشیر اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی حکومت کے پاس موجود گاڑیوں کا جائزہ لے گی۔
میر شبیر بجارانی، مکیش کمار چاولہ، سہیل انورسیال کمیٹی میں شامل ہیں۔ سندھ کابینہ نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دیدی۔ موٹر وہیکل انسپکٹرز کو گاڑیوں میں سی این جی کٹس کےانسپکشن کا اختیار ہو گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو آرڈیننس میں ترمیم کا ڈرافٹ کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
کابینہ نے ہیڈ ماسٹرز کی سلیکشن سندھ پبلک سروس کمیشن کوبھیجنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے سکسیشن سرٹیفکیٹ بل 2020 منظور کر لیا۔ سرٹیفکیٹ کیلئے نئے مجوزہ قانون کے تحت نادرا کو درخواست کی جا سکے گی۔ انتقال کرنے والے شخص کے ورثا کورٹ جانے کے بجائے نادرا جاسکیں گے۔ بل اسمبلی میں متعارف کروانے کے بعد کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔