کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی کے مکین سال 2020 میں بھی ترقیاتی کاموں کی راہ تکتے رہ گئے۔ فور کے چورنگی کی سڑک سمیت دیگر ترقیاتی کام التوا کا شکار ہونے پر اہل علاقہ اور کاروباری طبقہ سراپا احتجاج بن گئے۔
شہر قائد میں سڑکوں کی تباہ حالی اور ترقیاتی کام التوا کا شکار ہونے کے باعث شہری احتجاج اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔ ضلع غربی کے علاقے سرجانی میں عرصہ سے تباہ حالی کی شکار فور کے چورنگی اور دیگر سڑکیں تعمیر نہ ہونے کے خلاف اہل علاقہ سڑکوں پر نکل آئے، کارباری حضرات بھی پلے کارڈز اٹھا کر ترقیاتی کام کرانے کا مطالبہ کرتے رہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی کے باعث ٹریفک مسائل، حادثات اور جرائم کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ فورکے چورنگی سے گزرنے والے افراد گرد میں اٹ جاتے ہیں۔
سرجانی کے مکینوں کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی، سوریج کی نکاسی سمیت دیگر مسائل پر بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے توجہ نہیں دی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔