کراچی: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا اجلاس ہوا جس میں معذور بچوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری کالجز خالد حیدر شاہ، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن قاضی کبیر، ایڈیشنل سیکرٹری انڈومنٹ فقیر محمد لاکھو و دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ پالیسی پر نظر ثانی کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں معذور بچوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیرتعلیم سندھ نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ اسکالر شپ پروگرام ہر نوجوان کو تعلیم کا مساوی حق فراہم کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے۔ ہر طالب علم کی مکمل اسکروٹنی کے بعد ہی منظوری دی جائے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ وسائل نہ رکھنے والے بچوں کو ہم اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت ہم معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔