لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ کاروباری ہفتے میں انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر سمیت دیگر اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ 520پوائنٹس اضافے سے 46ہزار 905پوائنٹس پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافے اور جاری کھاتوں کے مثبت ہونے کے باعث ڈالر کی قدر میں گزشتہ کاروباری ہفتے کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایک ہفتے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 11پیسے سستا ہوکر 159روپے 99پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20پیسےسستا ہوکر 160روپے 10پیسے پر بند ہوا۔ یورو 2روپے سستا ہوکر 192روپے 50پیسے، برطانوی پاونڈ بھی 2روپے سستاہوکر 217روپے 50پیسے، اماراتی درہم 15پیسے سستا ہوکر 43روپے 70پیسے اور سعودی ریال 10پیسے کمی سے 42روپے 55پیسے کا ہوگیا ہے ۔
اُدھر ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 520پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان گزشتہ کاروباری ہفتے بھی جاری رہا، بینچ مارک 100انڈیکس 520پوائنٹس اضافے سے 46ہزار 905پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے 100انڈیکس ساڑھے تین سال کی بلند ترین سطح 47ہزار پر بھی جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک ہفتے میں شئیرز کی قیمت بڑھنے پر مارکیٹ کپیٹلائزیشن 82 ارب روپے اضافے سے 8480 ارب روپے پر پہنچ گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کے منافعوں میں اضافے کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے ۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران فی تولہ سنا 950روپے سستا ہوکر 1لاکھ 12ہزار روپے پر پہنچ گیا