اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی، صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے: حفیظ شیخ

Published On 22 February,2021 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی، صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے آٹے، چینی، چکن، انڈوں اور خوردنی تیل سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا ۔

سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا، اشیائے ضروریہ میں سے 18 کی قیمتوں میں اضافہ اور 8 میں کمی ہوئی، یوٹیلیٹی سٹورز پر 11 اہم اشیاء رعائتی نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں،

وزیر صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ گھی اور خوردنی تیل کی دستیابی اور قیمتوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، صوبے رواں سال میں چینی کے مطلوبہ ذخائر کے حصول کا عمل تیز کریں، یوٹیلیٹی سٹورز چینی کی ضروریات کیلئے 50 ہزار ٹن درآمد کرنے کے انتظامات کرچکا ہے۔

سیکرٹری خوراک و زراعت کا کہنا تھا ک ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، روزانہ سپلائی بھی جاری ہے، کمیٹی کو صوبوں میں آٹے کی ارزاں نرخوں پر طلب کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ کی چکن اور انڈوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بریفنگ کمیٹی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی، صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔