لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ بینک نے پاکستان کے لئے 60 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی جسے کورونا کے باعث پیدا ہونے والے مشکل معاشی حالات سے نمٹنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
عالمی بینک نے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے پروگرام" احساس" کو مزید بہتر بنانے کی خاطر 60 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی، رقم غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی مالی امداد اور کورونا جیسے حالات سے نمٹنے کے لئے استعمال ہوگی۔
واضح رہے 1950 سے اب تک ورلڈ بینک نے پاکستان کو 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے اور اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کے 13 ارب ڈالر کے 57 منصوبوں پر کام جاری ہے۔