سٹاک مارکیٹ میں 204.54 پوائنٹس کی مندی، 2 حدیں گر گئیں، اربوں کا نقصان

Published On 26 March,2021 05:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت کی طرف سے بجلی مہنگی کرنے کے صدارتی آرڈیننس جاری کیے جانے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 204.54 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

حکومت کی طرف سے آرڈیننس جاری کیے جانے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پورے کاروباری روز کے دوران انویسٹرز نے ٹریڈنگ میں عدم دلچسپی لی جس کے باعث کاروبار روز کے دوران مندی چھائی رہی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 204.54 پوائنٹس کی مندی سے ہوا جس کے باعث انڈیکس کی 2 حدیں گر گئیں، گرنے والی حدوں میں 45700، 45600 کی حدیں شامل ہیں جبکہ 100 انڈیکس 45521.63 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

 

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.45 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 32 کروڑ 1 لاکھ 21 ہزار 647 شیئرز کا لین دین ہوا سرمایہ کاروں کو 30 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ  گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ایکٹ میں ترمیم کا آرڈیننس جاری کردیا ہے اس کے تحت وفاقی حکومت کو اضافی سرچارج اور بجلی مزید مہنگی کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔ حکومت بجلی کے بلوں پر 10 فی صد سرچارج وصول کرسکے گی، نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کا اطلاق فوری ہوگا، حکومت کو ایک روپے 40 پیسےفی یونٹ تک سر چارج لگانےکا اختیار مل گیا ہے۔ حکومت کو آئندہ دو سال میں بجلی ساڑھے 5 روپےتک مہنگا کرنے کا اختیار ہوگا،عوام پر سرچارج کی مد میں 150 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

Advertisement