اسلام آباد: (روزنامہ دنیا)پاکستانی آم کیلئے چینی مارکیٹ میں جگہ بنانے کیلئے آئندہ ماہ مئی بہترین وقت ہے ،پاکستانی آم مئی سے ستمبر تک طویل عرصہ تک رہتاہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی مارکیٹ میں اپریل کے آخر سے جون کے آغاز تک آم کی سپلائی نسبتا کم رہتی ہے ، چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق یونان اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز ٹراپیکل اینڈ سب ٹراپیکل اکنامک کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے آم کے ماہر نی چا نگ گوآنگ نے کہا کہ اگر پاکستان کے آم برآمد کنندگان نے اس مدت کو سمجھا تو بڑا منافع کماسکتے ہیں ، نی چا نگ گوآنگ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کے بعدآم کی قیمت 0.3 آر ایم بی فی کلو سے بڑھ کر 6 آر ایم بی کلو ہوگئی اور فی ایم یو کی پیداوار 600 کلوگرام سے بڑھ کر ایک ہزار کلوگرام ہوگئی۔پاکستان کے آم کی صلاحیت بہت زیادہ ہے ، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور آم کے پودے لگانے کیلئے موسم بہترین ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آم کی متعدد اقسام کو چین کیساتھ ملا کر کاشت کیا جائے اور کیڑوں پر قابو پانے والی ٹیکنالوجی کا استعمال ہو تو یہ یقینی ہے کہ مشترکہ طور پر ایک اعلیٰ درجے کی آم کی پیداوار ممکن ہو گی ۔