اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ مالی نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرنے کی وجہ سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر سے جاپان کے سفیر نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے حکومت جاپان کی جانب سے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور ادارہ جاتی ترقی کے لئے تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو معیشت کیلئے حکومتی اقدامات اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف پاکستان کی پالیسیاں بہتر ثابت ہوئیں۔ جاپان پاکستان کا ایک اہم ترقیاتی شراکت دار ہے۔
ملاقات میں جاپان نے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان نے گذشتہ برسوں میں خوشگوار اور دوستانہ تعلقات استوار کیے ہیں۔ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین موجودہ حکومت کے دوران میں دو طرفہ کاروباری اور معاشی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔