پاکستان کی معیشت مستحکم ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہے: خلیج ٹائمز

Published On 21 May,2021 06:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معیشت مستحکم ترقی کی شاہراہ پرگامزن ہے۔ عالمی سطح پر مشکل معاشی صورتحال کے باوجود آئندہ پانچ سال کے دوران پاکستانی معیشت توقعات سے بڑھ کر اقتصادی شرح نمو حاصل کرنے کی بھرپور استعداد کی حامل ہے، عالمی مالیاتی فنڈ نے آئندہ مالی سال 22۔ 2021کے لئے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں 4 فیصد اضافہ کی توقع ظاہر کی ہے۔

عرب میڈیا خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2020-21 کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد جبکہ آئندہ مالی سال 2021-22میں 4 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔

آئندہ مالی سال کے لئے حکومت نے 900 ارب روپے یعنی 6 ارب ڈالر کے قریب ترقیاتی اخراجات کی منصوبہ بندی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کووڈ۔19 کے باعث گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہی تھی تاہم رواں سال اس میں نمایاں بہتری کا امکان ہے ۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی آئندہ مالی سال کے لئے پاکستان کی معاشی ترقی میں 4 فیصد اضافہ کی توقع ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ پانج سال کے دوران پاکستان کی معاشی بڑھوتری توقعات سے بڑھ کر رہے گی اور پاکستانی معیشت ہائی سنگل ڈیجیٹ میں ترقی کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔

اس حوالہ سے پاکستان کویت انویسٹمنٹ کے شعبہ تحقیق کے سربراہ سمیع اللہ طارق نے کہا ہے کہ حقیقی معاشی استعداد کی بنیاد پر آنے والے سالوں کے دوران پاکستان کی معیشت توقعات سے بڑھ کر ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 220 ملین افراد کی بڑھی مارکیٹ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں ہر سال لاکھوں کمانے والے مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب متبادل ذرائع سے استفادہ کے تحت سستی اور شفاف توانائی کی پیداوار کی بڑھوتری لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں بڑھنے کے ساتھ ساتھ پیداواری اخراجات بھی کم ہو رہے ہیں۔ اسی طرح آئی ٹی اور ای کامرس سمیت دیگر شعبہ جات کی ترقی سے بھی ملک کی مجموعی قومی پیداوار اور اقتصادی ترقی میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔