ملتان: آم کے باغات پر مختلف بیماریوں کے حملوں سے پیداوار کم ہونے کا خدشہ

Published On 23 May,2021 09:46 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں محکمہ زراعت کی عدم دلچسپی اور مناسب رہنمائی نہ ہونے کے باعث آم کے باغات پر مختلف بیماریوں کے حملوں میں بھی مسلسل شدت آرہی ہے جس سے پیداوار کم ہونے کے ساتھ آم کی کوالٹی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں دو لاکھ 78 ہزار ایکٹر رقبے پر چونسہ، سندھڑی اور انور لٹور سمیت 80 سے زائدآم کے باغات کالےتیلے، سفید مکھی اور وائرس کا حملہ معاشی نقصان سے تجاوز کر گیا ہے جس پر باغبانوں کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت کی جانب سے رہنمائی نہ ملنے سے متعدد بار سپرے کرنے کے باوجود بھی اس میں کمی کی بجائے مزید شدت آرہی ہے۔

صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ آم کے باغات پر مختلف بیماریوں کا حملہ معمول بن گیا ہے جس کے خاتمے کے لئے آم کی نئی اقسام پر کام کیا جا رہا جو سپرے کی بجائے نامیاتی طریقے سے تیار ہو سکیں۔

آم کے باغات پر بیماریوں کے حملے کی وجہ سے رواں سال نہ صرف اس کی ایکسپورٹ میں کمی کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہاہے بلکہ پیداوار کم ہونے سے مقامی منڈیوں میں اس کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔