خیبرپختونخوا میں 6 سال بعد بھی صنعتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا، کاروباری خواتین مایوس

Published On 28 May,2021 09:03 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں روزگار سے منسلک خواتین سے کئے گئے وعدے ایفا نہ ہوسکے، 6 سال گزرنے کے بعد بھی صوبہ میں صنعتی پالیسی پرمکمل عملدرآمد نہ ہو سکا، کاروبار سے منسلک خواتین نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی رویہ غیر سنجیدہ قرار دے دیا۔

کے پی میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے صوبائی حکومت نے سال 2015 میں صنعتی پالیسی بنائی لیکن 6 سال گزرنے کے بعد بھی اس کے خدوخال پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، خواتین اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ حکومت اور انڈسٹریلسٹ کے درمیان روابط نہ ہونے سے مشکلات ہیں،حکومت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

کاروبار سے منسلک خواتین کو جہاں مسائل کا سامنا ہے تو وہیں حکومت کی جانب سے ان کے حل کےلیے اقدامات نہ اٹھانے پر نالاں بھی ہیں، وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر کا کہنا ہے کہ کاروباری خواتین کو ٹیکس کی مد میں خصوصی رعایت دی جائے، انڈسٹری میں بھی 15 فیصد کوٹہ دیا جانا چاہئے۔

خواتین کے مطابق حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں تو وہ ہرمیدان میں اپنا نام کما سکتی ہیں۔
 

Advertisement