پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے امن فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا گیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق احمد غنی کے زیر صدارت ہوا جس میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے یک زبان ہو کر فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور وہاں امن فوج کی تعیناتی کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی جس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وفاق سے مطالبہ کیا گیا کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانی جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی چینی اور روسی ویکسین لگوائی اسے تسلیم نہیں کیا جا رہا، اس ضمن میں شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، وزارت خارجہ اس مسئلے کو فوری حل کرے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں پشتونوں کی حقوق کی پامالی، بنوں میں دکانوں کی الاٹمنٹ اور زکوۃ کمیٹیوں کے کردار پر تفصیلی بحث کی گئی۔