پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں، دالیں، چاول، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ بدستور جاری ہے، شہری کہتے ہیں حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
پشاورمیں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکا نہ جا سکا، ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پشاور کی اوپن مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں بھی 20 سے 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے، دال مونگ فی کلو 260، دال ماش 300، دال مسور180، دال چنا 160 اور لوبیا 230 روپے فی کلومیں فروخت ہورہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔
اوپن مارکیٹ میں گھی کی فی کلو قیمت میں یکمشت 30 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ لوکل گھی 240 روپے فی کلو سے 30 روپے اضافے کے ساتھ 270 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ چینی کی بوری کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 4600 سے بڑھ کر4800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔