پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ شروع کر دی گئی، باقاعدہ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا، شہری کہتے ہیں کورونا وباء کےمزید پھیلائو کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات بھی اٹھانے چاہئیں۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ کے لیے اب پشاور میں ڈرون کیمروں کی مدد لی جائیگی، کیمروں کی مدد سے اندرون شہر کے تنگ بازاروں اور شاہراہوں کو مانیٹر کیا جائیگا۔ پولیس حکام کے مطابق لاک ڈائون کے بعد ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق ڈرون کیمروں سے ایس او پیز کی خلاف ورزی نظرآنے پر متعلقہ پیٹرولنگ موبائل کو بروقت اطلاع دی جائیگی، جدید ٹیکنالوجی سے ہجوم کو بھی باآسانی مانیٹر کیا جاسکے گا، شہریوں کا حکومت کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت تمام وسائل بروئے کارلائے۔
ڈرون کیمروں کی مدد سے سمارٹ لاک ڈائون والے علاقوں کی سکیورٹی کو بھی چیک کرنے میں مدد ملے گی۔