اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوبارہ ادھار تیل کی سہولت کا آغاز ہو گیا۔ ملک کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کا تیل ادھار ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوبارہ ادھار تیل کی سہولت کا آغاز ہو گیا ہے، پاکستان اور انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کی تقریب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب شریک ہوئے، سی ای او انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن بھی شریک تھے۔
انٹرنیشنل اسلامک فنانس کارپوریشن کے ساتھ 4.5 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک فنانس کارپوریشن کے ساتھ 3 سال کیلئے معاہدہ طے پایا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یکم جولائی سے سعودی عرب پاکستان کو ادھار تیل کی سہولت فراہم کرے گا، پاکستان سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کا تیل ادھار لے سکے گا۔ سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت پاکستان سے دوستی کا ثبوت ہے۔ 2018ء میں بھی سعودی عرب نے ادھار تیل کی سہولت دی تھی۔