حکومت نے یکم جولائی سےپٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنےکی تیاریاں شروع کردیں

Published On 29 June,2021 08:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں یکم جولائی پٹرول 6 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دیدی گئی ہے۔

تاہم قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے ہی کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ نئی قیمتوں کا اعلان کل کرے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 جون کو عوام کیلئے پیٹرول کی قیمت بڑھاتے ہوئے اس میں 2 روپے 13 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا تھا۔

حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول اب 110 روپے 70 پیسے فی لٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرول مہنگا کردیا، فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 13 پیسے کا اضافہ

اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 1 روپیہ 79 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل 2 روپے 03 پیسے مہنگا کیا گیا تھا جبکہ اب اس کی نئی قیمت 79 روپے 68 پیسے ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 55 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی جبکہ مٹی کا تیل ایک روپیہ 89 پیسے فی لٹر مہنگا کرتے ہوئے اس کی قیمت 81 روپے 89 پیسے فی لٹر مقرر ہے۔
 

Advertisement