سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ، سونا 500 روپے مہنگا

Published On 01 July,2021 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مسلسل دو روز سستا ہونے والا سونا 500 روپے مہنگا ہو گیا۔ جبکہ سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 18 امریکی ڈالر کی بڑھوتری دیکھی گئی جس کے بعد نئی قیمت ایک ہزار 776 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد،پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی، گوجرانوالا سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت ایک لاکھ 8ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔

فی تولہ سونےکی طرح دس گرام کی قدر 429 روپے اضافے کے بعد 93021روپے ہو گئی ہے۔

تاہم چاندی کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا جس کے بعد قیمتیں بالترتیب 1410 روپے اور 1208.84 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران 444.55 پوائنٹس کی تیزی ریکاڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 47800.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.94 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 13 کروڑ 99 لاکھ 77 ہزار 282 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔