عیدالاضحیٰ پر اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول، ورکنگ گروپ تشکیل

Published On 12 July,2021 08:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے عیدالاضحی کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گذشتہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.23 فیصد ریکارڈ کی گئی، یکم جولائی کو سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 8.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی وزیر وزیر خزانہ نے عیدالاضحی کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی، وزیر خزانہ نے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا۔

وزیر خزانہ نے گندم، چینی، دالوں، گھی، ٹماٹر، پیاز اور آلو کی قیمتوں کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری صنعت و پیداوار کی خوردنی تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام صارف تک یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن کو خوردنی تیل اور گھی سیکٹر پر انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر خزانہ نے سبزیوں کی قیمتوں پر کنٹرول کا نظام واضع کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔
 

Advertisement