فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 47 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

Published On 31 August,2021 03:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 47 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر کل سماعت کرے گا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے سینتالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے جس پرکل سماعت ہوگی، سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں مجموعی طور پر 15 ارب 21 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جولائی میں پانی سے 29.94 فیصد، کوئلہ 15.29 اور فرنس آئل سے 10.28 فیصد بجلی پیدا کی گئی، اسی عرصے کے دوران فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 12 روپے 6 پیسے فی یونٹ رہی۔

سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں مقامی گیس سے 8.68 فیصد، درآمدی ایل این جی 20.01 اور ایٹمی ذرائع سے 10.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی، سی پی پی اے کے مطابق جولائی کیلئے ریفرنس فیول لاگت 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہی، نیپرا سماعت کےبعد ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔
 

Advertisement