کراچی :(روزنامہ دنیا)سندھ حکومت نے بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بینک خدمات صرف ویکسین سرٹیفکیٹ کے حامل صارفین کو فراہم کی جائیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا ویکسی نیشن کے سلسلے میں سندھ حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے،محکمہ صحت سندھ کی طرف سے این سی او سی کو مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بینک خدمات حاصل کرنے کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جائے ، تمام بینک اور پوسٹ آفسزصرف ویکسین کروانے والے کسٹمرز کو خدمات فراہم کریں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں کسٹمرز کو خدمات کی فراہمی سے معذرت کی جائے۔
محکمہ صحت کی طرف سے ہوٹلز اور ریسٹورنٹ ایس او پیز کے حوالے سے بھی محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھ دیا گیا ہے ،اب ہوٹلز اور ریسٹورنٹ کی ایس او پیز میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے اور مہمانوں کی ہوٹلز میں رہائش نہیں ہو سکے گی۔