کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت میں جونئیر افسران کو ایکٹنگ چارج دینے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے تمام انتظامی عہدوں پر تعینات جونیئر افسران کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔
جونیئر افسران کو ایکٹنگ چارج دینے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو طلب کیا، کہا سینئرافسران کے ہوتے ہوئے جونیئرز کو ایکٹنگ چارج کیوں دیئے گئے؟ ایم ایس سیکرٹری صحت سے براہ راست بجٹ ریلیز کراتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ سکھر ریجن میں گریڈ 20 افسران کی موجودگی میں گریڈ 19 افسر کو ایکٹنگ چارج دیا گیا۔ عدالت نے محکمہ صحت سے متعلق حکم دیتے ہوئے کہا کہ صرف اہل اور سینئر افسران ہی کو انتظامی عہدوں پر تعینات کیا جائے، تین ماہ میں سندھ گورنمنٹ ٹیجنگ ہسپتال مینجمنٹ بورڈ بل کے رولز فریم کرنے کا بھی حکم دیا۔ کہا صرف ایم پی ایچ ڈگری کے حامل افسران کو ایڈمنسٹریٹو عہدے دیئے جائیں۔ عدالت نے انتظامی عہدوں کے لیے الگ کیڈر تشکیل دینے کا حکم دیا۔