کراچی: (دنیا نیوز) ناصر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے تین سال میں عوام کو کیا دیا ؟ عوام یہ پوچھتے ہیں، مراد علی شاہ سب سے زیادہ کامیاب وزیراعلیٰ ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر سندھ کے وزراء نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا پہلا اور آخری دور چل رہا ہے، وہ اپنی فکر کرے۔
وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا آخری دور سمجھنے والے اپنی فکر کریں، وفاقی وزیر سندھ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کراچی آتے ہیں۔
وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ تین برسوں میں پی ٹی آئی نے مہنگائی، بیروزگاری، بے چینی اور جھوٹ پر مبنی حکومت چلائی، فواد چوہدری جیسے ہجرتی پرندے کسی اور طرف جا کر بیٹھیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضی وہاب نے کہا کہ بلدیہ ٹاﺅن ضمنی الیکشن میں بدترین شکست نے فواد چودھری جیسے لوگوں کا ذہنی توازن خراب کر دیا، فواد چودھری کا کوئی نظریہ نہیں، موصوف آج پی ٹی آئی کے لئے تو کل کسی اور جماعت کے حق میں بول رہے ہوں گے۔