اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے حکومت سے فوری طور پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلاکرملک کو درپیش خارجی و داخلی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشاورت کو ضروری قراردیا ہے، مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے 3سال مکمل ہو گئے مگر کوئی وعدہ پورا نہ ہوسکا۔
پیپلزپارٹی کے راہنما و سابق وزیراعظم راجہ پریز اشرف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خطے اور افغانستان کے تناظر میں ضروری ہے کہ پارلیمان سے راہنمائی لی جائے، ہمیشہ ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں رہے ہیں، پر امن افغانستان پاکستان کے لیے اچھا ہے، کل کو پاکستان میں کوئی چیلنج آتا ہے اس سے مل کر نمٹنا ہوگا حکومت اکیلی ایسا نہیں کرسکتی۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ملک کے معاملات ذاتی مفاد سے بالاتر ہوتے ہیں، سارا دھیان مسائل کے حل پر ہونا چاھیے، حکومت کا تیسرا سال مکمل ہوا ہےایک بھی وعدہ بھی پورا نہیں ہوا،آرڈیننس کے ذریعے ملک نہیں چلایا جاسکتا۔ حکومت کا زیادہ وقت گزر گیا تھوڑا وقت رہ گیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں ہمارے تحفظات کو سنیں ، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے بات ہی نہیں کر رہی۔