کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کندھ کوٹ میں دیرینہ دشمنی دو جانیں نگل گئی مسلح افراد نے کار پر حملہ کر کے فائرنگ سے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا دونوں بھائی آج ہی جیل سے رہا ہو کر گھر جا رہے تھے جبکہ دونوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں.
تھانہ بی سیکشن کی حدود فلور مل کے قریب انڈس ہائی وے پر کار سوار نامعلوم مسلح افراد نے کار پر حملہ کر کے جدید اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی علی خان اور محمد یوسف چاچڑ قتل ہو گئے واقعے کے بعد ملزم موقعے سے ہی فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے پہنچ کر دونوں کی لاشیں اٹھا کر سول ہسپتال منتقل کر دیں، دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے، کچھ ماہ قبل سکھر میں قتل ہونے والے آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن سندھ کے صدر مراد علی چاچڑ کے بدلے میں کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق قتل ہونے والے دونوں بھائی کندھ کوٹ کی جوڈیشل لاکپ میں تھے جو آج رہا ہو کر گھر اپنے گھر جا رہے تھے کہ اچانک یہ واقعہ پیش آیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔