حکومت نے عوام پر پھر بجلی گرا دی، قیمت میں ایک روپیہ 65 پیسے فی یونٹ اضافہ

Published On 04 October,2021 01:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے مہنگائی میں کمی کے دعووں کے باوجود عوام پر پھر بجلی گرا دی، نیپرا نے بجلی کی قیمت ایک روپیہ 65 پیسے فی یونٹ بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

بتایا گیا ہےکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ بجلی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 300 یونٹ سے زائد والے صارفین پر ہوگا۔ کے الیکٹرک صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے چند روز قبل ہی پٹرول کے نرخوں میں اضافہ کیا ہے، صرف یہی نہیں ایل پی جی اور ایل این جی کے بعد سی این جی کی قیمت بھی 15 روپے فی کلو تک بڑھا دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ  پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے اشیائے خورونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے جو مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کیلئے ناقابل برداشت بوجھ ہے۔

 

Advertisement