چینی نے مہنگائی کے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دئیے، شہریوں کا مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Published On 07 November,2021 08:51 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں چینی نے مہنگائی کے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دئیے، فیصل آباد میں چینی عوام کے لئے کڑوی گولی بن گئی۔ شہریوں نے مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ملک بھر میں مہنگائی کی ہاہاکار سے عوام پریشان، چینی کے بدترین بحران کے باعث قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ فیصل آباد کے بازاروں میں 90 روپے کلو چینی کے نوٹسز تو آویزاں ہیں لیکن 160 روپے میں بھی ایک کلو چینی دستیاب نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی۔

دکانداروں کے مطابق چینی ڈیلرز اور ملز مالکان نے غائب کررکھی ہے، انتظامیہ توموجودہ صورتحال میں موقف دینے سے ہی گریزاں ہیں جبکہ پریشان حال شہری کہتے ہیں چینی کے ساتھ دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔

کرشنگ سیزن شروع ہونے میں مزید 15 سے 20 دن باقی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے حکومت نے مافیا کے خلاف فوری کاروائی نہ کی تو چینی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔