فیصل آباد: پاورلومز مالکان نے پیداوار میں 25 فیصد تک کمی کر دی، مزدور متاثر

Published On 03 January,2022 09:06 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) بجلی کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے فیصل آباد میں چھوٹے صنعتکاروں کو مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے جہاں پر پاورلومز مالکان نے 25 فیصد تک کپڑے کی پیداوار میں کمی کردی ہے جس سے مزدوروں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔

ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد میں 2 لاکھ کے قریب پاورلومز کے یونٹ ہیں جہاں سے روزانہ لاکھوں میٹر کپڑا تیار کرکے ڈائینگ اور پروسسنگ ملز کو فراہم کیا جاتا ہے لیکن بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے مالکان نے 25 فیصد تک کپڑے کی تیاری روک دی ہے۔ مالکان کا کہنا ہے بجلی کی فی یونٹ قیمت 32 روپے تک پہنچ چکی، لومز چلانا ناممکن بنتا جارہا ہے۔

کپڑے کی پیداوار میں کمی کے باعث پاورلوم کی صنعت سے وابستہ مزدور بھی انتہائی پریشان ہیں جو حکومتی پالیسیوں پر پھٹ پڑے ہیں، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے حکومت سے بجلی سستی کرنے کی اپیل کررہے ہیں لیکن ہر بار انہیں بلوں میں بجلی کا زور دار جھٹکا لگا دیا جاتا ہے جو انڈسٹری کے موجودہ بحران کی بڑی وجہ ہے۔
 

Advertisement