فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد پولیس کی جانب سے مال مقدمات میں پکڑی گئی ہزاروں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کی گزشتہ کئی سالوں سے نیلامی نہ کروائی گئی جو کھلے آسمان تلے کھڑی کباڑ میں تبدیل ہو گئیں۔
فیصل آباد میں ضلع بھر کے تھانوں کی حدود میں پولیس کی جانب سے مال مقدمات کے طور پر پکڑی گئی ہزاروں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں گزشتہ کئی سالوں سے نیلامی کیلئے پولیس حکام کی توجہ کی منتظر ہیں۔ تھانہ سمن آباد سے ملحقہ اراضی پر کھڑی یہ گاڑیاں کھلے آسمان تلے موسمی اثرات کو برداشت کرتے ہوئے کباڑ میں تبدیل ہوچکی ہیں۔
معاملے پر سٹی پولیس آفیسر کہتے ہیں کہ عدالتی حکم کے مطابق گاڑیوں کی نیلامی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہےہیں، جلد نیلامی کو عملی صورت دے دی جائے گی۔
شہری کہتے ہیں کہ گاڑیوں کے مالکان نہ ملنے کی صورت میں اگر پولیس ان گاڑیوں کی بروقت نیلامی کروا دیتی تو ان سے حاصل ہونے والی رقم سے محکمہ پولیس کو مالی فائدہ بھی حاصل ہوسکتا تھا۔