ملتان: ضلعی انتظامیہ کی سستی کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Published On 10 January,2022 09:12 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی سستی کے باعث عام مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے دکانداروں نے شہریوں سے من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دیئے۔

مارکیٹوں میں آٹے، دال، چینی، چاول، گھی، سبزیاں اور پھلوں کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں، دکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے باعث ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ پرائس لسٹ کے مطابق کوئی بھی چیز مارکیٹ میں دستیاب نہیں جس پر شہری معاشی مشکلات سے دوچار ہیں تاہم مہنگائی سے پریشان لوگوں نے قیمتوں میں خود ساختہ اضافے پر حکومت سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے کئی افراد کیخلاف ایف آئی آرز بھی کٹوا دی ہیں تاہم جلد ہی شہر سے ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کا خاتمہ کر دیں گے۔

40 سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی موجودگی کے باوجود مارکیٹس میں کہیں بھی کنٹرول نرخ پر اشیا خورونوش دستیاب نہیں جس کے باعث شہر میں مہنگائی کا گراف روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔
 

Advertisement