کوئٹہ: گوشت، آٹا، کوکنگ آئل اور دودھ کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں بھی اضافہ

Published On 10 February,2022 11:10 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں گوشت، آٹا، کوکنگ آئل اور دودھ کے بعد ٹماٹر کے ریٹ بھی بڑھنے لگے، شہر میں کھانا پکانے کا بنیادی جزو ٹماٹر 50 سے بڑھ کر سو روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

ملک بھر میں اشیائے خورونوش سمیت روز مرہ استعمال کی چیزوں پر مہنگائی کا راج ہے، ایسے میں کھانا پکانے کے لیے بنیادی ضرورت ٹماٹر نے بھی اونچی اڑان بھر لی ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ٹماٹر کے نرخ جو چند روز قبل تک 40 سے 50 روپے کلو تھے لیکن اب ٹماٹر کے ریٹ کی سنچری مکمل ہو چکی ہے جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

دکانداروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بلوچستان میں ٹماٹر کی فصل کم ہونے اور ایران سے درآمد ٹماٹر پر ٹیکسز میں اضافے کی وجہ سے نرخ بڑھے ہیں۔

کوئٹہ کی سبزی منڈی میں صرف ٹماٹر ہی نہیں بلکہ تمام سبزیوں کے ریٹ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔